سانحہ اورکزئی اور کراچی کی کڑی ایک ہی ہے، گورنر کے پی کےشاہ فرمان

24 نومبر, 2018 16:21

شیعیت نیوز: گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل مظہر شاہین اور انسپکٹر جنرل آف فرنٹیئر کور (ایف سی) راحت نے اورکزئی کلایہ بازار میں جمعہ کے روز ہونے والے بم دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کورکمانڈر مظہر شاہین نے گورنر اور آئی جی ایف سی کو بریفنگ دی۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اورکزئی اور کراچی کے سانحات کی کڑی ایک ہی ہے، دونوں واقعات چائنہ پاک اکنامک کوریڈور منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے جو پاکستان کو ترقی کرتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے، دھماکے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ گورنر نے کل کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اِس سانحہ میں ہمارے بھائی اور بچے جو کہ غریب لوگ تھے نشانہ بنے، لیکن متاثرہ افراد کو حکومت تنہا نہیں چھوڑے گی اور اُن کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ہماری نہیں اور نہ ہمارے لوگوں کے درمیان ہے، یہ باہر سے ہمارے اوپر مسلط کی گئی ہے، ہم نے متحد ہوکر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ شاہ فرمان نے شہریوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی اس جنگ کی نوعیت اور اس کے اندر پاکستان دشمن عناصر کے مقاصد کو سمجھے، ہمیں مذہبی، لسانی اور قومیت کے نام پر لڑانے کی سازشیں کی جارہی ہیں لیکن ہم نے حب الوطنی کے تحت اس کو ناکام بنانا ہوگا۔ قبل ازیں گورنر شاہ فرمان کو بریفنگ کے دوران کور کمانڈر مظہر شاہین کا کہنا تھا کہ کلایہ بازار میں ہونے والا دھماکہ خود کش تھا جس میں 10 سے 12 کلو گرام باردی مواد استعمال ہوا۔ اس موقع پر متاثرہ افراد کے لواحقین سے ملاقات کے دوران گورنر، کور کمانڈر اور آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ ہم دھماکہ سے متاثرہ افراد کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ملوث افراد کو انجام تک پہنچانے میں کوئی کثر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

1:12 شام اپریل 20, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔