یمن

الحدیدہ کے ہوائی اڈے پر قبضے کی سعودی کوشش ناکام

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع نے بتایا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے الحدیدہ کے ہوائی اڈے اور سولہ کلومیٹر نامی علاقے کی جانب سعودی اتحاد کی پیشقدمی کو بری طرح ناکام بنادیا ہے۔ترجمان کے مطابق اس دوران ہونے والی جھڑپوں میں سعودی اتحاد کے کم سے کم چالیس فوجی ہلاک اور ساٹھ سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ دشمن کا بہت سا فوجی سازمان اور گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔یحی سریع کے مطابق سعودی اتحاد کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھاتے ہوئے علاقے سے پسپا ہونا پڑا ہے اور اس کے حوصلے پست ہوگئے ہیں۔ایک اور اطلاع کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مغربی صوبے حجہ کے علاقے حیران میں بھی سعودی اتحاد کے فوجیوں ایک ٹولی کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔یمنی فوج کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب کے صوبے جیزان کے سرحدی علاقے میں واقع فوجی اہداف پر گولہ باری بھی کی ہے۔جنوبی یمن کے مختلف سیکٹروں پر بھی یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سعودی اتحاد کے ٹھکانوں اور فوجی اڈوں پر زبردست گولہ باری کی ہے جس میں درجنوں سعودی فوجی اور ان کے اتحادی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔درایں صوبہ الحدیدہ کے قائم مقام گورنر نے بتایا ہے کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران صوبے کے رہائشی علاقوں پر سعودی اتحاد کی بمباری میں پینتیس عام شہری شہید اور ستر زخمی ہوئے ہیں جبکہ اسی کے قریب رہائشی مکانات اور سولہ کلومیٹر کے علاقے میں واقع تمام کارخانے تباہ ہوگئے ہیں۔سعودی عرب نے امریکہ کی حمایت اور چند دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ مغربی ایشیا کے اس غریب عرب اسلامی ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔چوالیس ماہ سے جاری سعودی جارحیت اور محاصرے کی وجہ سے سولہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button