یمن

یمن، اسکول بس پر حملے کیلئے سعودی اتحاد کو بم امریکا نے فراہم کیے

شیعیت نیوز: برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ یمن میں اسکول بس پر حملے کیلئے سعودی اتحادی افواج نے جو بم استعمال کیا تھا وہ امریکا نے فراہم کیا تھا، 227؍ کلوگرام لیزر گائیڈڈ بم کے حملے میں 6؍ سے 11؍ سال کے 40؍ بچے جاں بحق ہوئے تھے جبکہ کئی زخمیوں میں سے صرف 56؍ طلبہ تھے۔ گارجین کی ر پورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے بعد ملبے کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ عرب اتحادی افواج کو یہ بم امریکا کی اسلحہ ساز کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے فروخت کیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ بم ان سیکڑوں بموں میں سے ایک تھا جو ایک عرب ملک کے ساتھ کیے جانے والے اربوں ڈالرز کے معاہدے کے تحت امریکا نے فروخت کیا تھا۔ تحقیقاتی صحافت کے ادارے بیلنگ کیٹ نے ملبے کا جائزہ لیتے ہوئے مذکورہ بم کی شناخت کی اور اس کی تصاویر اور ویڈیو انٹرنیٹ پر جاری کی۔ یہ بم ایم کے 82؍ سیریز سے تعلق رکھتا ہے اور اس کا نام جی بی یو 12؍ پیو وے دوم بتایا گیا ہے۔ لاک ہیڈ مارٹن کمپنی کے ترجمان نے سوال پوچھنے پر کہا کہ پینٹاگون سے رابطہ کیا جائے۔ پینٹاگون کا کہنا تھا کہ امریکی محکمہ دفاع عرب اتحاد کیلئے ٹیکٹیکل ٹارگٹس کا فیصلہ نہیں کرتا، تاہم انہیں اہداف کو بہتر انداز سے نشانہ بنانے کیلئے مدد فراہم کرتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button