انصار اللہ صومالی لینڈ میں اسرائیلی موجودگی کو نشانہ بنانے کیلئے تیار ہے: عبدالملک الحوثی
شیعیت نیوز : یمن میں تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اسرائیل کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی اور تعاقب کر رہی ہے اور صومالی لینڈ میں نگرانی کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے پر کام جاری ہے۔
عبدالملک الحوثی نے ایک ٹیلی وژن خطاب میں واضح کیا کہ انصار اللہ صومالی لینڈ میں اسرائیل کی کسی بھی مستقل موجودگی کو نشانہ بنانے میں سنجیدہ ہے، خواہ وہ عسکری اڈہ ہو یا کوئی اور مقام۔ انہوں نے زور دیا کہ تحریک کسی بھی دستیاب صہیونی موجودگی کے خلاف عسکری کارروائی سے ہرگز گریز نہیں کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں فسادات: خاتون سرغنہ کا نیتن یاہو سے براہِ راست رابطے کا اعتراف
اسی تناظر میں عبدالملک الحوثی نے امریکی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر امریکہ کا طرزِ عمل طغیان، استکبار اور ظلم پر مبنی ہے، جسے انہوں نے کھلا ہوا اور بے نقاب قرار دیا۔
انہوں نے وینزویلا کے خلاف امریکی جارحیت اور صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو اغوا کرنے کی کوشش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کا اصل مقصد ملک کی دولت کو لوٹنا ہے۔
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت اور نصرت میں یمنی عوام کا مؤقف اور عملی کردار بالکل درست ہے۔ ان کے مطابق اس مؤقف کو یمن کے اندر وسیع عوامی تائید حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصار اللہ موجودہ مرحلے میں آئندہ مرحلے کی تیاری کے عنوان کے تحت آگے بڑھ رہی ہے اور ان کے بقول اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ تصادم ناگزیر ہے، خواہ وہ براہِ راست ہو یا ان کے ذریعے متحرک کیے گئے آلہ کاروں کے ذریعے ہو۔







