پاکستان

پی ٹی آئی کو کالعدم جماعت کے ایم پی اے کو شامل نہیں کرنا چایئے، صاحبزادہ حامد رضا

شیعیت نیوز: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قوم حقیقی تبدیلی کیلئے عملی اقدامات کی منتظر ہے، عمران خان کا اصل امتحان وعدے پورے کرنا ہے، اپوزیشن جماعتیں معاشی و سیاسی استحکام کیلئے نئی حکومت کا ساتھ دیں، ن لیگ کو دھاندلی سے روکنے کی دھاندلی ہوئی ہے، امید ہے نئی حکومت غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں، پی ٹی آئی کو کالعدم جماعت کے ایم پی اے کو شامل نہیں کرنا چایئے، پچھلے 70 سالوں سے حکمران اشرافیہ ملک و قوم کی دولت کو خاندانی جاگیر سمجھ کر اپنی تجوریاں بھرتی رہی ہے۔ لوٹ مار کا یہ مکروہ سلسلہ اب ختم ہونا چایئے۔ فضل الرحمن انتشار پھیلا کر ملک دشمنی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان نئے دور میں داخل ہو گیا ہے۔ نئے حکمرانوں کیلئے زوال پذیر قومی معیشت کو مضبوط کرنا ہی سب سے بڑا چیلنج ہے۔ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ محاذ آرائی اور تصادم کی سیاست سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا اسمبلی میں جانے اور حلف اٹھانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انتشار اور فساد کی سیاست کی گئی تو نئی حکومت کو کام نہ کرنے کا بہانہ مل جائے گا۔ پی ٹی آئی کی حکومت کو کام کرنے کا موقع دینا چایئے۔ نئے حکمران نظام مصطفے کو اپنی پالیسیوں کا مرکز و محور بنائیں۔ اسلام اور پاکستان کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button