یمن

یمن کے دارالحکومت صنعا پر سعودی جارحیت

سعودی امریکی جنگی طیاروں نے صنعا کے مرکزی علاقے میں واقع یمن کی وزارت دفاع کی عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔ سعودی امریکی جنگی طیاروں نے شمالی صوبے صعدہ کے شہر الصحن میں دو پیٹرول اسٹیشنوں پر بھی بمباری کی ہے جبکہ صوبہ مارب کے شہر صرواح کو چار بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ان حملوں میں ہونے والے ممکنہ جانی اور مالی نقصان کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔دوسری جانب یمن کی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سعودی عرب کے سرحدی صوبے جیزان میں واقع الطوال نامی علاقے میں سعودی فوجی چیک پوسٹوں کو زلزال میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔اس سے پہلے یمنی فوج کے ترجمان شرف غالب لقمان نے خبر دار کیا تھا کہ ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ ختم ہونے تک سعودی فوجی اہداف اور اہم تنصیبات پر میزائل حملے جاری رکھے جائیں گے۔سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے یمن کی مکمل ناکہ بندی کے باجود، یمنی فوج کی دفاعی طاقت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔سعودی عرب نے چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ مغربی ایشیا کے اس غریب عرب اسلامی ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔یمن کے محاصرے کے نتیجے میں یمن کو دواؤں اور خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے اور اس ملک کے عوام میں مختلف قسم کے امراض پھیل رہے ہیںسعودی حکومت اور اس کے اتحادی، یمنی عوام کی استقامت و پائیداری کی وجہ سے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button