یمن

یمن میں متعدد سعودی فوجی ہلاک

یمن کی فوج اور عوامی رضا کار فورسز نے کل زلزال ایک نامی بیلسٹیک میزائل سعودی عرب کے جنوبی علاقے جیزان پر داغا جس کے نتیجے میں درجنوں سعودی آلہ کار فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ۔

اس سے قبل یمن کی فوج کے ترجمان شرف لقمان نے کہا تھا کہ جب تک یمن پر حملے ہوتے رہیں گے اور یمن کا محاصرہ جاری رہے گا تب تک جارحیت کرنے والوں کے خلاف حملے ہوتے رہیں گے۔

شرف لقمان نے امریکہ کو یمن ملک کی تباہی اور انسانی جانوں کے نقصان کا اصل ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ کی سیاسی اور فوجی حمایت نہ ہوتی تو اس کے علاقائی پٹھو، یمن کی جانب ایک گولی بھی چلانے کی جرائت نہ کرتے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکی فوج کی علاقے میں موجودگی کو دیکھتے ہوئے جارحین کے خلاف جنگ میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حوصلے اور بھی بلند ہوئے ہیں۔

یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اپنے ایجنٹوں کی ذلت آمیز شکست کے بعد امریکہ براہ راست جنگ پر اتر آیا ہے تاہم یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان پوری قوت کے ساتھ وطن کا دفاع کر رہے ہیں اور بیرونی طاقتوں کو قدم جمانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی ایما پر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ مغربی ایشیا کے اس غریب اسلامی ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔

سعودی حکومت کی جارحیت اور محاصرے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں عام شہری جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، شہید ہو چکے ہیں۔

سعودی امریکی جارحیت میں یمن کی بنیادی شہری تنصیبات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے جبکہ لاکھوں یمنی باشندوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button