مشرق وسطی

دبئی سیکیورٹی سربراہ کی پاکستانیوں کے خلاف متعصبانہ ٹویٹس

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک)دبئی کی عمومی سیکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ضاحی خلفان نے نسل پرستانہ ٹویٹ کرکے پاکستانیوں سے اپنی نفرت کا اظہار کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ضاحی خلفان کی جانب سے یہ ٹویٹس دبئی انتظامیہ کی طرف سے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث پاکستانیوں کے گینگ کی گرفتاری کے بعد سامنے آئے۔

منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کا گرفتار ہونا تھا کہ ضاحی خلفان نے ٹویٹر کے ذریعے پاکستانیوں سے اپنی نفرت کا زہر اگل دیا اور تمام پاکستانیوں کو اس کا ذمہ دار ٹھہرا دیا۔

اپنے ٹویٹ میں ضاحی خلفان نے گرفتار ہونے والے گینگ ارکان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستانی خلیجی معاشروں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں کیونکہ وہ ہمارے ممالک میں منشیات لے کر آرہے ہیں، ہمیں ان کے داخلے کا طریقہ کار سخت کرنے کی ضرورت ہے۔‘

دبئی کے عہدیدار نے اپنی نفرت صرف منشیات تک محدود نہیں رکھی بلکہ اماراتی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اب یہ ہمارا قومی فریضہ ہے کہ ہم پاکستانیوں کو ملازمت نہ دیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بھارتی شہری کس طرح نظم و ضبط سے رہتے ہیں جبکہ پاکستانی انتشار کا شکار، جرائم میں ملوث اور اسمگلنگ کرتے پائے جارہے ہیں؟‘انہوں نے کہا کہ ’مجرمانہ رجحانات کے باعث ہم بنگلہ دیشی شہریوں سے سختی سے پیش آئے، اسی طرح پاکستانیوں پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔‘واضح رہے کہ اس سے قبل بھی لیفٹیننٹ جنرل ضاحی خلفان ٹویٹر کے ذریعے متعدد شخصیات اور ممالک پر لفظی حملے کر چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button