یمن

محمد بن سلمان انتہائی درجے کا وہمی اور خود پسند انسان ہے محمد علی الحوثی

یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اپنے ایک ٹو‏‏ئٹ میں یمنی قیادت میں اختلافات سے متعلق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کی رضا اور قوم کی خدمت کرنے والوں میں کبھی اختلاف نہیں ہوتا بلکہ پیسے کے دم پر ابھرنے والے ہی اختلافات کا شکار ہوتے ہیں۔
محمدعلی الحوثی نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اسلحہ خرید کر یمنی عوام کا قتل عام کر رہے ہیں لہذا یمن میں انسانی المیے کی روک تھام اور امن و امان کی بحالی کے لئے، اسلحے کی فروخت کا سلسلہ بند کئے جانے کی ضرورت ہے۔
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے دنیا کے تمام ملکوں سے اپیل کی کہ وہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو اسلحے کی فروخت بند کر دیں
انہوں نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی کہ انصاراللہ تحریک، مذاکرات اور قومی مصالحتی کمیٹی کے قیام اور ملک میں صدارتی و پارلیمانی انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے۔
سعودی عرب کے ولی عہد محمدبن سلمان نے امریکی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ انصاراللہ میں اختلافات پیدا اور اس پر دباؤ کے ذریعے بحران یمن کو حل کر لیں گے۔
درایں اثنا محمد علی الحوثی نے بتایا ہے کہ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نئے نمائندے مارٹن گریفتھس نے یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ملاقات کا مقصد امن کے عمل کو آگے بڑھانا، جنگ بندی اور یمن کا ظالمانہ محاصرہ ختم کرانا ہے۔
مارٹن گریفتھس، یمنی دھڑوں کو اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونے والے مذاکرات میں واپس لانے کی غرض سے منگل کے روز صنعا پہنچے تھے۔
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد، مارٹن گریفتھس کا یہ پہلا دورہ یمن ہے۔
یمن کے متحارب دھڑوں کے درمیان مذاکرات کے تین دور ہو چکے ہیں لیکن سعودی عرب کی رخنہ اندازی اور مخالف رویے کی وجہ سے ان کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا ہے۔
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے چند روز قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں یمن کی مستعفی حکومت کے صدر منصور ہادی سے بھی ملاقات کی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button