پاکستان

نواز شریف پاکستان کے لئے ناسور ہے،میان کو معاف کیا تو اللہ ہمیں معاف نہیں کرے گا، زرداری

شیعیت نیوز: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی بادشاہت مضبوط کرنے کیلئے ووٹ، بنک، پانی، عوام ہر چیز پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں قبضے میں ناکام بنا دیں گے، میاں کو چھوڑ دیا تو اللہ بھی ہمیں معاف نہیں کریگا، یہ غریب، مزدور، ہاری، عوام کا چور ہے ایسے درندے کو برداشت نہیں کر سکتے ، یہ دھرتی پر ناسو ر بن چکا ہے اس کو دھرتی بھی معاف نہیں کریگی، انہیں نکالنا ضروری ہوگیا ہے، میرے مولا اس ناسور سے غریب عوام کی جان چھڑا دے تاکہ پاکستان کی دوبارہ تعمیر ہو سکے اور ملک اچھے طریقے سے چل سکے،پرویز مشرف نے کشمیر پر بھارت سے معاہدہ کر لیا تھا فوج نہیں مانی، کہا تھا جب چاہیں حکومت گرا سکتے ہیں، آج بلوچستان میں نواز حکومت نہیں رہی، تم نے ملک کی جڑیں کاٹیں، اب معاف نہیں کرسکتے،پرویز مشرف کو خود ہی باہر بھیجا اب رونا روتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موچی دروازہ میں پیپلزپارٹی کے بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سابق وزیراعظم پرویز اشرف نے کہا کہ نواز شریف کہتا ہے مجھے کیوں نکالا، تمہیں اسلئے نکالا کہ تم کشمیریوں کے قاتل مودی کو گلے لگاتے ہو۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ نوازشریف قانون کی دیوار میں محصور ہوچکے،اور دیوار توڑ کر باہر نکلنا چاہتے ہیں، ججوں نے سبق سکھا دیا۔ آصف زرداری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ موچی دروازہ میں قائد اعظم، شہید لیاقت علی، شہید بھٹو، شہید بے نظیر نے خطاب کیا اور آج ہم کھڑے ہیں، کشمیر ہماری شہ رگ ہے، کشمیر پیپلزپارٹی کی شہ رگ ہے، جب ہم دیکھتے ہیں کہ وہ اپنے گائوں کا نام جاتی امرا رکھ رہے ہیں تو ہم کہتے ہیں وہ کشمیر کی سوچ نہیں رکھتے، پاکستان بننے سے لیکر جتنا قرضہ لیا گیا اس سے تین گنا زیادہ قرضہ گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں لیا گیا ہے، وہ قرضہ ہم اور ہماری نسلیں اتاریں گی کیونکہ تمہارے بچے تو ملک میں نہیں رہتے، یہ کہتے ہیں مشرف کو واپس لا کر سزا دینگے عدالتوں کا ریکارڈ نکال کر دیکھ لیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں مشرف کے باہر جانے پر اعتراض نہیں، آج ان کی پنجاب، گلگت اور آدھے پاکستان میں حکومت ہے، بلوچستان میں ان کی حکومت نہیں رہی، میں نے پچھلے جلسہ میں کہا کہ ہم جب چاہیں حکومت گرا سکتے ہیں لیکن جمہوری طریقے سے حکومت گرائیں گے، پی پی آج بھی طاقت رکھتی ہے، صرف پیپلزپارٹی ملک درست کر سکتی ہے، انھیں سی پیک قرض لینے کا منصوبہ نظر آتا ہے لیکن سی پیک سے پاکستان نے جغرافیائی طاقت بننا ہے، چین کھربوں روپے کی غذائی مصنوعات برآمد کر تاہے لیکن ان سے چینی برآمد نہیں ہو تی، یہ اپنے ملک پر قبضہ چاہتے ہیں،ووٹ، بنک، پانی عوام ہر چیز پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم انھیں قبضہ نہیں کرنے دیں گے، انھیں نکالنا پڑے گا، لڑنا پڑے گا، میاں کو چھوڑ دیا تو اللہ بھی ہمیں معاف نہیں کریگا، یہ غریب، مزدور، ہاری، عوام کے چور ہیں ایسے درندے کو برداشت نہیں کر سکتے۔انہوں نے ایک سرمایہ دارسے ملکر کشمیر کا مینڈیٹ چوری کیا، ہم سمجھتے تھے یہ جمہوریت مضبوط کرےگا لیکن یہ تو اپنی بادشاہت مضبوط کرنے لگ گیا ہے ۔ یہ دھرتی پر ناسو ربن چکا ہے، اسے دھرتی بھی معاف نہیں کرے گی، میرے مولا اس ناسور سے نجات دلا، غریب کی جان چھڑادے تاکہ ملک مضبوط ہو، میں نے جو کہا وہ کہہ کر دکھایا پچھلی مرتبہ کہا کہ جب چاہیں ان کی حکومت گرا سکتے ہیں اور بلوچستان کو انکے خوف سے باہر نکال دیا، میں جو وعدہ کر تاہوں پورا کر کے دکھا تا ہوں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button