سعودی عرب کے ایئر بیس پر یمنی فوج کا میزائلی حملہ
یمنی فوج کے ذریعے فائر کیا گیا یہ میزائل عسیر کے علاقے خمیس مشیط میں ملک فیصل ایئربیس پر صحیح نشانے پرجا کر لگا ہے۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے اتوار کی رات بھی یمن کے صوبہ تعز میں سعودی عرب کےاتحادی فوجیوں کے اڈے پر بھی ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا تھا۔ یمنی فوج کے میزائل یونٹ نے سات اور آٹھ جنوری کو زمین سے فضا میں مارکرنے والے میزائلوں کے ذریعے سعودی عرب کے دو جنگی طیاروں کو بھی مارگرایا تھا۔
سعودی عرب کے ذریعے یمن کا محاصرہ جاری رہنے کے باوجود یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کی دفاعی توانائیوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
اس درمیان یمنی ذرائع نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے جارح جنگی طیاروں نے شمالی صوبے صعدہ میں ایک بار پھر بمباری کی ہے۔ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے شمالی صوبے صعدہ کے الملاحیظ علاقے میں سات بار بمباری کی ہے۔ سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ میں ایک شاہراہ پر بھی بمباری کی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے امریکا اور علاقے کے بعض عرب ملکوں کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر اپنی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جن میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے بے گھر ہوئے ہیں۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے وحشیانہ حملوں میں یمن کی بنیادی شہری تنصیبات تباہ ہوچکی ہیں۔جبکہ اس ملک کا شدید محاصرہ ہونے کے باعث عام شہریوں کو غذائی اشیا اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے اور نتیجے میں بڑے پیمانے پر وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے وحشیانہ اور انسانیت سوز اقدامات کے باوجود یمنی عوام فوج اور عوامی رضاکارفورس نے اب تک جارح قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور سعودی عرب اپنا کوئی بھی مقصد یمن میں حاصل نہیں کرسکا ہے۔