مشرق وسطی

بحرین :شیخ عیسیٰ قاسم کے گھر کے سامنے پرامن احتجاج میں شریک 140 گرفتار افراد ضمانت پر رہا

منامہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بحرینی سیکورٹی فورسز کی جانب سے شہر الدراز میں شیخ عیسیٰ قاسم کی رہائش گاہ کے بعد پرامن مظاہرین پر خونی دھاوا میں گرفتار140افراد ضمانت پر رہا ہو گئے ۔سیکورٹی فورسز کے اس خونی حملے میں5افراد شہید ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے سینکڑوں افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اگرچہ چھ ماہ کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے گرفتار کئے گئے ان پرامن افراد کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ، تاہم حکومتی الزامات کے تحت ایک غیر قانونی مظاہرے میں شرکت کی بنا پر عدالت میں مقدمے کی سماعت کی تلوار بدستور ان کے سر پر لٹکتی رہے گی۔

واضح رہے کہ یہ افراد بحرین کی اعلیٰ ترین مذہبی اتھارٹی اور اپنے ہر دلعزیز قائد شیخ عیسیٰ قاسم کی حکومت کی جانب سے شہریت منسوخی کے فیصلے پر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ان کے گھر پر پرامن دھرنا دیئے بیٹھے تھے ، جس پر سیکورٹی فورسز نے حملہ کر 5افراد کو شہید درجنوں کو زخمی اور سینکڑوں کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ اس کے بعد آیت اللہ عیسیٰ قاسم کو گھر پر نظربند کردیا تھا جن سے تاحال کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔

گرفتار شدہ 169افراد کے خلاف مختلف الزامات، جن میں پولیس کے ساتھ مزاحمت بھی شامل ہے، مقدمات درج کر لئے گئے تھے۔ الدراز شہر سے گرفتار کئے گئے افراد نے الزام عائد کیا تھا کہ دوران حراست ان پر سیکورٹی فورسز ان سے اپنی مرضی کا اعترافی بیان حاصل کرنے کیلئے بے پناہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button