حکومت عراق آئندہ ہفتے داعش کے خاتمے کا اعلان کرے گئی
حکومت عراق کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے داعشی دہشت گردوں کی شکست اور خاتمے کا اعلان کرنے کے لئے ایک عظیم الشان فوجی پریڈ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق عراقی مسلح افواج، پولیس اور عوامی رضاکار فورسز کے خصوصی چاک و چوبند دستے اگلے ہفتے ایک عالی شان پریڈ کا انعقاد کررہے ہیں جس میں ملک بھر میں داعشی دہشت گردوں کی شکست اور خاتمے کا اعلان متوقع ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی عراق اور شام میں درندہ صفت داعش کی ذلت آمیز شکست اور نابودی پر امام خامنہ، ایران کی مسلح افواج سمیت عراق اور شام کے عوام کو مبارکباد دی تھی۔
اس سے پہلے سپاہ پاسداران کی قدس بریگیڈ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے رہبر معظم امام خامنہ ای کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے داعش کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ اسلام کے نام پر داعشی دہشت گردوں نے عراق اور شام کے بنیادی ڈھانچوں کو تباہ کردیا ہے اور ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کا نہایت بے دردی سے قتل عام کیا ہے۔
وزیراعظم حیدرالعبادی کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے درندہ صفت داعش کا مکمل طور پر صفایا کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب صحرا کے علاوہ ملک کے کسی بھی علاقے میں داعش کے ساتھ کوئی جنگ نہیں ہورہی کیونکہ ملک کو داعش کے ناپاک وجود سے مکمل طور پر پاک کردیا گیا ہے۔
حیدرالعبادی کا کہنا تھا عراق کے صحراؤں میں موجود داعشی خفیہ پناہ گاہوں کو تیزی کے ساتھ تباہ کئے جارہے ہیں جس کی نابودی کے بعد پورے ملک سے داعش کے خاتمے کا اعلان کیا جائے گا۔