بحرین کا قطر کی خلیج تعاون کونسل کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ
بحرین کا کہنا ہے کہ قطر خلیج تعاون کونسل کے لیے سیکیورٹی رسک بن چکا ہے ،تنظیم میں قطر کی رکنیت معطل کی جائے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق خلیجی ریاست بحرین نے کہا ہے کہ قطر خلیج تعاون کونسل ‘جی سی سی’ کے لیے سیکیورٹی رسک بن چکا ہے ۔
کونسل کی حفاظت کی خاطر تنظیم میں قطر کی رکنیت معطل کی جائے ۔بحرینی وزیر خارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ نے ٹویٹر پر متعدد ٹویٹس میں کہا کہ خلیج تعاون کونسل کی حفاظت کے لیے قطر کی رکنیت معطل کی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ قطر روز بہ روز ایران کے قریب ہو رہا ہے ۔ بحرینی قیادت ایسے کسی بھی سربراہ اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی جس میں قطر کو شریک کیا گیا ہو۔ قطر کے اقدامات بالخصوص اس کی تہران کی طرف قربت خلیج تعاون کونسل کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ برسوں سے بحرین قطر کی سازشوں کا شکار ہو رہا ہے ۔ ہمیں ایسے رکن کی ضرورت نہیں جو کونسل کے خلاف سازشوں میں سرگرم ہو، قطر کا خلیج تعاون کونسل کے اندر ہونے سے باہر ہونا زیادہ بہتر ہے ۔خیال رہے کہ سعودی عرب، بحرین ، متحدہ عرب امارات اور مصر کے کئی ماہ سے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل ہیں۔ چاروں عرب ممالک قطر پر دہشت گردوں کی معاونت، پشت پناہی اور خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں کا الزام عائد کرتے ہیں تاہم قطر ان تمام الزامات کی نفی کرتا ہے ۔








