فلسطین کے مستقبل کا فیصلہ خود فلسطینی کریں گے، علامہ سید ساجد علی نقوی

07 اکتوبر, 2026 19:29

شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے غزہ جنگ کے تین سال مکمل ہونے پر جاری اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ غزہ کے مظلوموں کا خون اب رنگ لا رہا ہے۔ آج پوری دنیا مسئلہ فلسطین کی جانب متوجہ ہو چکی ہے اور عام انسان بھی اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کا مظلوم خون طاقت کی علامت بن چکا ہے، جس کے باعث اقوام متحدہ بھی اس صورتحال پر خاموش نہیں رہ سکا۔ غزہ کی سیٹلائٹ تصاویر تباہی کی سنگینی کو واضح کر رہی ہیں اور انسانی حقوق کے اداروں کی رپورٹس بھی فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کی گواہی دے رہی ہیں۔

علامہ ساجد علی نقوی نے واضح کیا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران غزہ کے عوام پر جن مظالم کے پہاڑ توڑے گئے، ان کی مثال کم ہی ملتی ہے، تاہم ان قربانیوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ دنیا بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے اور صمود فلوٹیلا جیسے اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ تمام مذاہب اور اقوام فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارض فلسطین ایک صدی سے زائد عرصے سے سازشوں کا شکار ہے اور 1917ء کے اعلان بالفور سے لے کر 1948ء میں اسرائیل کے قیام اور حالیہ اقدامات تک، یہ سب اسی تاریخی تسلسل کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اپنے شہید پیشرو کے راستے اور فکر کو آگے بڑھا رہے ہیں، حماس رہنما

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ فلسطین کے مستقبل کا فیصلہ کسی بیرونی قوت کو نہیں، بلکہ خود فلسطینی عوام کو اپنی نمائندہ تنظیموں اور دوستوں کے ذریعے کرنا ہے۔ ارض فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء، بے گھر اور جنگ سے متاثرہ افراد کے ساتھ خصوصی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ فلسطینی عوام کی آئینی، قانونی اور بنیادی حقوق کی جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا سلسلہ ہر سطح پر جاری رہنا چاہیے۔

8:23 شام اکتوبر 7, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔