عرب لیگ کے بے بنیاد دعوے مسترد، تینوں جزائر ایران کا اٹوٹ انگ ہیں، وزارت خارجہ ایران
شیعیت نیوز : ایرانی وزارت خارجہ نے عرب لیگ کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے اختتامی اعلامیے میں ایران کے خلاف کیے گئے تمام بے بنیاد دعووں اور الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسے وقت میں جب صیہونی حکومت مغربی ایشیا میں بدامنی پھیلا کر مقبوضہ فلسطین، لبنان، شام اور دیگر اسلامی ممالک میں فوجی جارحیت اور نسل کشی کا ارتکاب کر رہی ہے، عرب لیگ کے بعض ممالک کا ایران پر بے بنیاد الزامات عائد کرنا ناقابل جواز ہے۔ ان ممالک کو ایران پر الزام تراشی کے بجائے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت اور صیہونی توسیع پسندی کا مقابلہ کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : خلیج فارس میں کشیدگی اور امریکی جنگی جہازوں پر حملہ، خام تیل کی قیمت 100 ڈالر سے متجاوز
ایران نے اپنی اصولی ہمسایہ پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے ابوموسیٰ، تنب بزرگ اور تنب کوچک جزائر پر اپنی بلاشرکت ملکیت اور خودمختاری کا دوٹوک اعلان کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جزائر ایرانی سرزمین کا ناقابل جدا حصہ ہیں اور ان پر ایرانی حاکمیت تاریخی شواہد اور بین الاقوامی قوانین پر مبنی ہے۔ سیاسی بیانات میں جھوٹے دعووں کی تکرار سے ان جزائر کے تاریخی، جغرافیائی اور قانونی حقائق ہرگز تبدیل نہیں ہوں گے۔







