اہل بیت نے اسلام کاپیغام پہنچانے کیلئے بے مثال قربانیاں دیں،سیدنا مفضل
شیعیت نیوز: داؤدی بوہرہ جماعت کے رہبراعلیٰ ڈاکٹر سیدنامفضل سیف الدین نے طاہری مسجد، صدر میں محرم الحرام کی تیسری مجلس سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ اللہ نے بنی نوع انسان کی ہدایت و رہنمائی کیلئے اپنے محبوب پیغمبر ختمی مرتبتﷺ کیلئے دین اسلام کو پسند فرمایا۔
اسلام امن وآشتی کا دین ہےاسلام ہی وہ دین ہے جس نے خلق خدا کی خدمت اور بہبود کواللہ کی خوشنودی سے تعبیر کیا ہے۔ نبی کریم ﷺ واہل بیت نبیﷺ نے دین اسلام کے اس آفاقی پیغام کو خلق خداتک پہنچانے کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ خصوصاً نواسہ رسولﷺ، جگر گوشہ بتول امام عالی مقام حسینؓنے کربلا کی گرم ریت پر تین دن کی بھوک وپیاس میں ظالموں کے سامنے معرکہ آرائی کرکے خوشنودی رب کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
تاریخ انسانیت گواہ ہے کہ امام حسین ؓاور ان کے رفقاء کرام کی یہ عظیم المثال قربانی اور اس معرکہ کے درمیان امام حسینؓ نے اپنے جد رسول کریمﷺ کے اخلاق حسنہ کی جو مثال قائم کی ہے وہ انسانیت کے لیے حیات جاویداں بن گئی ہے۔ سیدنا مفضل سیف الدین نے کہا کہ حکومت پاکستان، پاکستانی عوامی اورمقتدر اصحاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے عزاء امام حسین ؓ کی بابرکت مجالس کے انعقاد کے لیے اعلیٰ پیمانے پر سہولتیں مہیا کی ہیں وزیراعظم اوروزیرداخلہ نے مہمان معتقدین کی بیرون ممالک سے آمد کو ممکن بنانے میں بیش بہا تعاون کیا یہ پاکستانی عوام اور حکومت کا جذبہ عقیدت اور محبت ہے جو باہمی تعلقات میں اضافے کا مظہر ہے انہوں نے سیدطاہرسیف الدین اور سیدنا محمد برہان الدین کے کراچی اور پاکستان سے دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ان دونوں داعیوں نے پاکستان کے کئی دورے کئے یہاں مجالس عزاء کا انعقاد کیا اور اپنی جماعت کو ملکی ترقی وخوش حالی میں اپنا حصہ ادا کرنے کی تلقین کی۔