کراچی میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال، ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں کا سعدی ٹاؤن و امروہہ سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں کا دورہ
کراچی میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال سے آنے والی تباہی کے بعد مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی، کراچی ڈویژن کے رہنماؤں علامہ مبشر حسن اور میر تقی ظفر کا سعدی ٹاؤن و امروہہ سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں کا دورہ، سیلابی صورتحال سے متاثرین کی خیریت دریافت کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے علی حسین نقوی نے کہا کہ کراچی پر اقتدار کی جنگ نے شہر کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، سندھ کی دو جماعتوں کی لڑائی کراچی کے لئے تباہی کا سبب بن رہی ہے، شدید بارش کے بعد ہونے والی تباہی نے سندھ حکومت کے دعوؤں اور شہری حکومت کے اقدامات کی قلعی کھول دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئرکنڈیشن کمروں میں بیٹھنے والے صوبائی سڑکوں کو نکل کر عوام کی تکالیف کا احساس کریں لیکن شاید انہیں کرپشن سے ہی فرصت نہیں ہے، حکمرانوں کی کرپشن کا عالم یہ ہے کہ سیلابی صورتحال میں بھی عوامی ریلیف کے نام پر فنڈز کھانے میں مصروف ہیں۔
علی حسین نقوی نے مزید کہا کہ ایک روز بعد عیدالاضحیٰ ہے اور اس دن پورے شہر میں سنت ابراہیمی کو ادا کرنے کیلئے قربانی کے جانور ذبح کئے جائیں گے، بارش کا پانی تو سندھ حکومت سمیت شہری حکومت نکال نہیں پائی، اگر آلائشیں اٹھانے کا کام سست رفتاری سے کیا گیا تو شہر کراچی میں تعفن پھیل جائے گا، جس سے وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت فی الفور کراچی میں ایمرجنسی نافذ کرکے ہنگامی بنیادوں پر شہر کی بحالی کیلئے اقدامات کرے، نالوں سے نکاسی آب کو یقینی بنانے کیلئے ان کو صاف کیا جائے اور بارش سے متاثرہ افراد کی امداد کی جائے، بصورت دیگر ایم ڈبلیو ایم سندھ حکومت کے خلاف عوام کی طاقت سے شدید احتجاج پر مجبور ہوگی۔