پاکستان

قوم عید کے بعد اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کی خوشخبری سنے گی، سنی اتحاد کونسل

شیعیت نیوز: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے شادباغ لاہور میں مفتی حبیب قادری کی رہائش گاہ پر کارکنوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مستعفی ہوکر جے آئی ٹی میں پیش ہوں، سرکاری اداروں کا جے آئی ٹی سے تعاون نہ کرنا توہین عدالت ہے، نواز شریف کا اقتدار عسکری خان نہیں عدالتی خان کے ذریعے ختم ہوگا، حکمران خاندان کا عبرتناک انجام نوشتہء دیوار ہے، کرپشن کے سومنات پاش پاش ہونیوالے ہیں، مستقبل کے دو چیف جسٹس وزیر اعظم کو نااہل قرار دے چکے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ جمشید دستی کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سپریم کورٹ کے جج اور جے آئی ٹی کے ارکان اپنی حفاظت کیلئے آئین کے آرٹیکل 190 کے تحت آرمی چیف سے رجوع کر سکتے ہیں، کرپٹ حکمران اپنی ناکامیوں کو کامیابیاں بناکر پیش کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ وزراء اپنے آقاؤں کیخلاف ممکنہ فیصلے سے گھبرا کر بونگیاں مار رہے ہیں۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ قوم عید کے بعد اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کی خوشخبری سنے گی۔ عید کے بعد سیاسی تبدیلیوں کی آندھی چلنے والی ہے، نواز شریف کو جے آئی ٹی کے کٹہرے تک لانے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button