مقبوضہ فلسطین

قطر کے سفارتی بائیکاٹ کے خلاف غزہ میں ہزاروں افراد سڑکوں پرآگئے

مقبوضہ بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک)فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں گذشتہ روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد خلیجی ریاست قطرکی حمایت میں ایک عظیم الشان جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں فلسطینیوں نے شرکت کی۔

اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی میں مسجد المدینہ کے باہر گراؤنڈ میں ہزاروں فلسطینیوں نے جمع ہو کر قطر کی حمایت اور اس کے بائیکاٹ کی مخالفت میں نعرے لگائے۔

مظاہرین نےہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر قطری حکومت اور قطری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مقررین نے چار عرب ملکوں کی طرف سے قطر کے سفارتی بائیکاٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔

اس موقع پر غزہ کی پٹی میں قطر کے تعاون سے تعمیر کردہ ’حمد سٹی‘ کی نگران کونسل کے ترجمان حسام احمد نے کہا کہ قطر کے خلاف ایک منظم سازش کی جا رہی ہے۔ قطر کے خلاف سفارتی بائیکاٹ کی سازش کا مقصد دوحہ کے علاقائی محوری کلیدی کردار کو متنازع بنانا اور قطر کو عالمی اور علاقائی سطح پر تنہا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قطری حکومت کو مظلوم فلسطینی قوم اور دنیا بھرکی دیگر مظلوم اقوام کی حمایت کی سزا دی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عاید کرتے ہوئے دوحہ کا سفارتی، تجارتی اور تمام شعبوں کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button