پاکستان

دہشت گردی عالمی مسئلہ ، داعش امریکی پیدا وار ہے، اتحادامت سے مقابلہ کرنا ہوگا، اعجاز ہاشمی

شیعیت نیوز: جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے ایرانی پارلیمنٹ اور امام خمینی کے مزار پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ اور داعش امریکی پیدا وار ہے، جس کا مقابلہ امت میں انتشار سے نہیں ،اتحاد ووحدت کی قوت سے کرنا ہوگا۔ افسوسناک بات ہے کہ دہشت گردی کا شکار صرف مسلم ممالک ہیں۔ جبکہ موجودہ چند واقعات سے اب مغرب کو بھی احساس ہونے لگا ہے کہ ان کی امتیازی پالیسیوں کے باعث وہ بھی انتہا پسندی اور دہشت گردی کی آگ کی لپیٹ میںآگئے ہیں۔ انتہاپسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ دنیا کا ایجنڈا ہو نا چاہیے، مگر افسوس امریکہ اور کچھ مسلمان ممالک بھی منافقت اور تعصب کا شکار ہیں ہی کہ جو امریکی ایجنڈے کو قبول نہ کرے اسے دہشت گرد قراردے کر بائیکاٹ کیا جائے۔مذمتی بیان میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ داعش امریکہ کی پیداوار ہے، جس نے عراق، شام کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لینے والے اہم اسلامی ملک ایران کا بھی رخ کرلیا ہے۔ہم ایرانی قوم کے غم میں برابر کے شریک اور ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو منافقت اور دوغلی پالیسی کو چھوڑنا ہو گا ، ایسا نہیں کہ دہشتگردی کے شکار ملک پاکستان کی قربانیوں کاعالمی فورم پر ذکر نہ کیا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کرنے والے بھارت کو مظلوم ظاہر کرنا انصاف کے تقاضو ں کی خلاف ورزی اور غیر انسانی حرکت ہے۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ دہشت گردی کے خلاف اسلامی کانفرنس کی صدارت دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ملک امریکہ کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرے اور وہ مسلمان ممالک کے خلاف زہر اگلتا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام خمینی کا گستاخ رسول سلمان رشدی کے خلاف قتل کا فتویٰ آج بھی دنیا کو یاد ہے، جبکہ انہوںنے مختلف مکاتب فکر کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اورمختلف مسالک کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کیا اور انقلاب اسلامی کے بانی ہونے کے ناطے دنیا انہیں ایک مصلح سیاسی مذہبی رہنما اور علمی و فقہی شخصیت مانتی ہے جس نے چھ سو سالہ بادشاہت کا خاتمہ کرکے اسلامی نظام نافذ کیا۔پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ امت مسلمہ کے درمیان امن اوربھائی چارے فروغ دیا ہے۔دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button