علامہ ساجد نقوی، عارف واحدی کا ایرانی پارلیمینٹ ،مزار امام خمینیؒ پرخود کش حملے کی مذمت
شیعہ علما ءکونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے ایرانی پارلیمینٹ اور امام خمینیؒ کے مزار پرخود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دونوں واقعات کو اسلام دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی قراردیا ہے۔مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات کا مقصدافراتفری اور امن وامان کو سبوتاژ کرنا مقصود ہے ، لیکن انسانیت اور اسلام کے دشمن کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔علامہ ساجد نقوی کا کہناتھا کہ گذشتہ کئی برسوں سے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلم ممالک بالخصوص پاکستان ،عراق ،ایران ،افغانستان، شام یمن اور بحرین سمیت دیگر مسلم ممالک میں منظم دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے ۔اوراسلام مخالف قوتیں مسلم ممالک کے مابین اختلافات کو ہوا دے کراپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیںجسے اتحاد و وحدت کے ذریعے ناکام بنانے کی ضرورت ہے ۔علامہ عارف واحدی نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کومتحد ہو کر دہشتگردی کے خاتمے کے لئے ٹھوس لائحہ عمل تیار کرکے اس پر عمل پیرا ہو نے کی ضرورت ہے۔تاکہ دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے اسلام دشمن عناصرکے عزائم خاک میں ملائے جا سکیںاور امت مسلمہ کے خلاف سازشوں کا مقابلہ بھی صرف اتحاد سے ہی ممکن ہے








