اسلامی بینکاری میں مکتبِ جعفریہ کے علمی کردار کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
شیعیت نیوز : چیئرمین الصادق انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ، فنانس اینڈ تکافل و سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ’’موجودہ اسلامی بینکاری اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ اسلامی بینکاری کے شعبے میں مکتبِ جعفریہ کی باقاعدہ نمائندگی اور علمی کردار کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے اسلامی بینکاری کی موجودہ صورتحال اور اس ضمن میں درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے علمی بنیادوں پر تحقیق و عمل کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : نجف اشرف: علامہ ساجد علی نقوی کے دفتر میں تقریبِ حلف برداری، شیخ مجیر میثمی نئے مدیر مقرر
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ الصادق انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ گزشتہ عرصے سے اسلامی بینکاری کے میدان میں مکتبِ جعفریہ کے فقہی و علمی مؤقف کی بھرپور ترجمانی کر رہا ہے، اور اس دائرہ کار کو اب مزید منظم، فعال اور مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بینکاری و معاشیات کے شعبے سے وابستہ طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ جدید مالیاتی نظام اور اسلامی فنانس کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اس میدان میں قدم رکھیں، تاکہ اپنی علمی و فنی صلاحیتوں کے ذریعے امت کی بہتر رہنمائی کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اسلامی بینکاری کی اہمیت مسلمہ ہے اور اس شعبے میں سرانجام دی جانے والی خدمات مستقبل میں دوررس نتائج کی حامل ہوں گی۔
کانفرنس کے اختتام پر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے معزز اراکین نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کامیاب طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی علمی لگن اور کاوشوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔







