جامعۃ الکوثر میں انجمن جاں نثارانِ اہل بیتؑ کے وفد کا دورہ، دینی و فلاحی منصوبوں میں اشتراک پر اتفاق

17 ستمبر, 2026 16:32

شیعیت نیوز : جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں انجمن جاں نثارانِ اہل بیتؑ کے بانی، صدر، سینئر اراکین اور دیگر ممبران کے اعزاز میں ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں دینی، تعلیمی، طبی اور فلاحی منصوبوں میں باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، 11 ستمبر کو علامہ شیخ انور علی نجفی کی دعوت پر انجمن جاں نثارانِ اہل بیتؑ کے بانی سید تطہیر عالم رضوی اور صدر سید اظفر حسین نقوی کی قیادت میں وفد نے جامعۃ الکوثر کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر وفد کو جامعۃ الکوثر کی تعلیمی و فلاحی خدمات اور محسنِ ملت آیت اللہ علامہ شیخ محسن علی نجفیؒ کی حیات اور علمی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے دو معلوماتی ڈاکومنٹریز پیش کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : مولوی یوسف گرگیچ کی شہادت ایران کے امن اور اتحاد پر حملہ ہے، ایرانی وزارت انٹیلیجنس

ملاقات کے دوران علامہ شیخ انور علی نجفی نے ادارے کے جاری اور مستقبل کے مختلف منصوبوں سے وفد کو آگاہ کیا، جس پر انجمن کے وفد نے اپنی استطاعت کے مطابق بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد نے عقیدت کے اظہار کے طور پر علامہ شیخ انور علی نجفی کو پھول اور خصوصی تحائف پیش کیے، جبکہ میزبان کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا اور کربلائے معلیٰ سے لائے گئے تبرکات (سکارفز) اور روضاتِ مقدسہ کی تصاویر پیش کی گئیں۔

دورے کے آخری حصے میں وفد نے جامعۃ الکوثر میں محفوظ علمی آثار اور محسنِ ملت کے دستِ مبارک سے تحریر کردہ قیمتی نسخوں کا مشاہدہ کیا۔ اختتام پر تمام اراکین نے محسنِ ملت آیت اللہ علامہ شیخ محسن علی نجفیؒ کی مرقدِ مبارک پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ان کے جاری علمی و فلاحی مشن کے تسلسل کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

5:35 شام ستمبر 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔