مسلم (سعودی) فوجی اتحاد امریکی ایجنڈے کے تحت بنایا گیا ہے،سنی اتحاد کونسل
شیعیت نیوز: علامہ احمد نثار بیگ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے برطانوی علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مسلم فوجی اتحاد امریکی ایجنڈے کے تحت بنایا گیا ہے، سعودی عسکری اتحاد مسلم امہ کے انتشار کا سبب بنے گا، اپوزیشن کیخلاف بولنے والے وزراء بھارت کیخلاف کیوں نہیں بولتے، تخت گرانے اور تاج اچھالنے کا وقت قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اور سوداگر حکمران قوم کی گردنوں پر سوار ہیں، افغان حکومت بھارت کی زبان بول رہی ہے، بھارت میں پاکستانی طلباء کیساتھ ناروا سلوک قابل مذمت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عوام لوٹ کھسوٹ کے نظام سے بیزار ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، مظلوم و محکوم کشمیری 70 سال سے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ افغان صدر کا دورہء پاکستان کی دعوت مسترد کرنا حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا ثبوت ہے، عالمی مسلم فوجی اتحاد فرقہ واریت کی بنیاد پر بنایا گیا، پاناما کیس کا حتمی فیصلہ حکمرانوں کیلئے پھندہ ثابت ہوگا۔