منصور ہادی کی حمایت پر امارات اور سعودی عرب میں اختلافات
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک )ہفتہ وار میگزین ‘اخبار حضرموت’ کی رپورٹ کے مطابق اماراتی حکام نے یمن کے فراری صدر منصور ہادی کے تعلق سے آل سعود کو خبردار کیا ہے کہ وہ منصور ہادی کی حمایت سے ہاتھ کھینچ لیں۔میگزین کے مطابق، امارات اور یمن کے فراری صدر منصور ہادی کے درمیان نظریاتی اختلافات کی وجہ سے اماراتی حکام نے آل سعود کو خبردار کیا کہ وہ ان کی حمایت سے ہاتھ کھینچ لیں ورنہ وہ اپنے فوجیوں کو واپس بلا لیں گے۔
اماراتی حکام کے بیان کے بعد سعودی حکام دو راہے پر کھڑے ہیں۔ کیونکہ امارات نے کہا ہے کہ اگر سعودی عرب منصور ہادی کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوا تو اماراتی فوجی سعودی اتحاد سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔رپورٹ کے مطابق منصور ہادی نے پیر کے روز امارات کا سفر کیا تھا مگر اماراتی حکام نے ان سے ملنے سے انکار کردیا۔ منصور ہادی اماراتی حکام کو اپنی حکومت کے تعلق سے مطمئن کرنے کی کوششیں کررہے ہیں مگر اب تک انہیں کوئی خاطرخواہ نتیجہ نہیں ملا ہے۔