عراق
دہشت گردی کے مقابلے میں عراق اور شام ایک ساتھ ہیں۔ ابراہیم جعفری
عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شام کی رکنیت کی بحالی کی ضرورت پر تاکید کی۔
انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ عرب لیگ میں شام کی واپسی سے اس ملک کے بحران کے حل میں مدد ملے گی۔
ابراہیم جعفری نے شام میں دہشت گرد گروہوں کا قلع قمع کئے جانے کی ضرورت پر بھی تاکید کی۔
واضح رہے کہ عرب وزرائے خارجہ نے نومبر دو ہزار گیارہ میں بحران شام کے حل کے لئے عرب منصوبے کو دمشق کی جانب سے مسترد کئے جانے پر عرب لیگ میں شام کی رکنیت معطل کر دی تھی۔
عراق کے وزیر خارجہ نے موصل میں عراقی فوج کی پیشقدمی اور داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے سے صوبے نینوا کے مختلف علاقوں کی آزادی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ داعش دہشت گردہ کے خلاف عراقی فوج کی پیشقدمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور دہشت گردی کے خلاف تمام عراقی سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔