مشرق وسطی

شامی فضائیہ کے حملے میں درجنوں دہشت گرد ہلاک

دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ داعشی دہشت گردوں کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں، شامی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ثردہ، المقابر اورجنوبی دیرالزور میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے درجنوں دہشتگردوں کو ہلاک اور زخمی کردیا ہے۔
شامی فوج کے جوانوں نے بھی مشرقی صوبے حمص کے علاقے شمالی اور مغربی تدمر میں داعش اور دیگر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کرکے بارہ دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کی متعدد گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے- مشرقی حماہ میں بھی شامی فوج کے حملے میں درجنوں دہشت گردوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صوبہ دیرالزور کے شہروں المیادین اور العشارہ کے لوگ دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اورانہوں نے داعش کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔ عوامی حملوں میں داعش کے متعدد ٹھکانے تباہ اور داعشیوں کے زیراستمعال متعدد گاڑیوں اور ٹرکوں کو نذر آتش کردیا گیا۔
ایک اور اطلاع کے مطابق، ادلب کے نواحی علاقے میں شامی فضائیہ کے حملے میں فتح الشام کے نام سے سرگرم دہشت گرد گروہ جبہت النصرہ کا ایک غیر ملکی سرغنہ، بو ابراہیم التیونسی اپنے متعدد ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button