نائیجیریا:مہاجرین کےکیمپ پر ‘غلطی’ سے بمباری،100 ہلاک
رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی نائیجیریا میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن کے فوجی کمانڈر لکی ارابر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگی طیارے نے کیمرون کی سرحد کے قریب ران کے شمال مشرقی علاقے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 100 مہاجرین ہلاک اور بین الاقوامی امدادی رضاکاروں سمیت 120 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ڈاکٹروں کی بین الاقوامی فلاحی تنظیم ڈاکٹر ود آؤٹ بارڈر نے اس بمباری میں 50 افراد کے جاں بحق ہونے اور 120 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مظلوم و بے گھر مہاجرین پر حملے کو ظالمانہ اور ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔
واضح رہے یہ پہلی بار نہیں ہے کہ نائیجیریا کی فوج عام شہریوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ مارچ 2014 میں بھی اس ملک کی فضائیہ نے غلطی سے ایک گاوں پر بمباری کی تھی جس میں 5 عام شہری مارے گئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق نائیجیریا میں بوکو حرام دہشت گرد گروہ کے دو ہزار نو سے حملے جاری ہیں جن میں اب تک بیس ہزار افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ چھبّیس لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ بوکو حرام دہشت گرد گروہ، گذشتہ پانچ برسوں سے زائد عرصے سے افریقہ کے مختلف ملکوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے جن میں اس براعظم کے مختلف ملکوں میں دسیوں سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔








