امریکی جارحیت کا پوری طاقت سے مقابلہ کریں گے، ایرانی فوج مکمل تیار ہے، ترجمان بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا
بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا نے ملک کے خلاف ممکنہ امریکی حملوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایرانی فوج استکباری دشمن کا پوری قوت اور طاقت کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عالمی استکبار امریکہ اس وقت خطے میں انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہے اور اپنی خفت مٹانے کے لیے ممکن ہے کہ وہ فوجی جارحیت کا سہارا لے، تاہم ایرانی مسلح افواج دشمن کی کسی بھی حماقت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل آمادگی رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور غاصب اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ ختم نہیں ہوئی، دشمن مزید کاری وار کے لیے تیار رہے، ایرانی آرمی چیف
ایرانی فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ مغربی ایشیا سے امریکہ کو نکال باہر کرنے سے ہی خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم ہوگی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ امریکہ کی ترجیح خطے کے مسلم ممالک کے مفادات کا تحفظ نہیں بلکہ غاصب صیہونی حکومت کی سلامتی کو یقینی بنانا اور اپنے استعماری مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا نے دشمن کو اس کی اوقات یاد دلاتے ہوئے مزید بتایا کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام نے دشمن کی 25 ہزار فضائی کارروائیوں کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں دشمن کی جارحیت کے صرف ڈھائی گھنٹے بعد ہی ایرانی فضائیہ نے اسے بھرپور اور کاری جواب دیا تھا۔







