موصل میں عراقی فوجیوں کی پیشقدمی جاری

04 جنوری, 2017 00:00

فیڈرل پولیس کے حملوں میں کم از کم پچاس دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے ہیں-دوسری جانب عراق کے سیکورٹی ذرائع نے مشرقی موصل میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں اٹھارہ افراد کے جاں بحق اور تیرہ افراد کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے-شمالی عراق کے شہر موصل کو داعش کے چنگل سے آزاد کرانے کی کاروائی جاری رہنے کے ساتھ ہی عراقی فوج نے اس گروہ کو بھاری نقصان پہنچایا ہے-

السومریہ نیوز ویب سائٹ نے ایک رپورٹ میں، نینوا آپریشن کمانڈر عبدالامیررشید یاراللہ کے حوالے سے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسیز نے موصل – تلعفر شاہراہ پر واقع الحسبہ سے موسوم داعش کے اسٹریٹیجک ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے- یاراللہ کے مطابق شہر موصل کے علاقے المالیہ میں گاڑیوں میں بم نصب کرنے والے داعش کے ایک کارخانے، اور اس تکفیری گروہ کے ٹھکانے کو تباہ کردیا ہے –

اس رپورٹ کےمطابق عراقی فوج نے موصل کے مشرقی سیکٹر میں پیشقدمی کرتے ہوئے میزائل اور ہتھیاروں کے ایک گودام کو بھی تباہ کردیا ہے- عراقی فوج نے اسی طرح مشرقی موصل میں حی الصناعہ علاقے اور کئی کارخانوں اور صنعتی مراکز کو بھی آزاد کرا لیا ہے-واضح رہے کہ گذشتہ سال سترہ اکتوبر سے عراقی وزیر اعظم کے حکم سے موصل کو آزاد کرانے کی کاروائی کا آغاز ہوا ہے جس میں اب تک عراقی فوج نے داعش کے قبضے سے دسیوں دیہات اور قصبے آزاد کرا لئے ہیں –

10:23 شام مئی 3, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔