آرمی چیف سید عاصم منیر کے نام عراق سے پاکستانی طالب علم کا اہم خط، زائرین کے مسائل حل کرنے کی اپیل

03 ستمبر, 2026 07:30

شیعیت نیوز : عراق میں گزشتہ 14 سال سے مقیم پاکستانی دینی طالب علم اور خادمِ زائرین سید ذہین علی نجفی نے آرمی چیف حافظ سید عاصم منیر کے نام ایک تفصیلی اور اہم خط ارسال کیا ہے۔ اس خط میں انہوں نے عراق کے مقدس مقامات (نجف اشرف، کربلائے معلیٰ، کاظمین اور سامرہ) کی زیارت کے لیے جانے والے لاکھوں پاکستانی زائرین کو درپیش سنگین مسائل کی جانب توجہ دلائی ہے اور انہیں قومی ترجیحات اور سفارتی حکمتِ عملی کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سید ذہین علی نجفی نے خط میں آرمی چیف کو ان کی ساداتِ کرام اور حضرت علی علیہ السلام سے نسبت یاد دلاتے ہوئے کہا کہ زائرین بیرونِ ملک پاکستان کے غیر رسمی سفیر ہوتے ہیں، جہاں بھی ان کے ساتھ ناروا سلوک ہوتا ہے، اس کا براہِ راست اثر پاکستان کے قومی وقار اور شہری کی عزتِ نفس پر پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی قوم اپنے جذبۂ شہادت کے باعث امریکہ کے مقابلے میں سرخرو اور کامیاب ہے، ایرانی اہلسنت عالم دین مولوی عارفی

خط میں درج ذیل اہم مسائل پر ریاستی اور سفارتی سطح پر ہنگامی اقدامات کی اپیل کی گئی ہے:

  • 50 سال کی شرط پر نظرثانی: عراقی حکام کی جانب سے پاکستانی مرد زائرین کے لیے 50 سال کی عمر کی پابندی نے عام اور حقیقی زائرین کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ خط میں تجویز دی گئی ہے کہ غیر قانونی قیام کو روکنے کے لیے عمر کی اجتماعی پابندی کے بجائے باقاعدہ گروپ رجسٹریشن، تصدیق شدہ ویزا نظام، مقررہ مدت میں واپسی کی ضمانت اور ذمہ دار ٹور آپریٹرز کے ذریعے منظم سفر جیسے انتظامی اقدامات کیے جائیں۔

  • ایئرپورٹس پر پاسپورٹ کی ضبطی اور مشکلات: پاکستانی زائرین کو ایئرپورٹس پر اضافی اور غیر ضروری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بشمول پاسپورٹ روک لیے جانے کی شکایات۔ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل قانون پسند زائرین کے ساتھ عزت و احترام کا معاملہ یقینی بنایا جائے۔

  • بائی روڈ زیارات کی بحالی: غریب اور متوسط طبقے کے لیے مہنگا فضائی سفر ممکن نہیں، اس لیے متعلقہ ممالک کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے ایران سے ہوتے ہوئے زمینی راستے (بائی روڈ) سے زیارات کے محفوظ اور منظم امکانات کو دوبارہ بحال کیا جائے۔

خط کے اختتام پر سید ذہین علی نجفی نے ریاستِ پاکستان کو اپنی رضاکارانہ خدمات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بغیر کسی عہدے یا مفاد کے، اپنے 14 سالہ تجربے اور زمینی حقائق کی روشنی میں اداروں کی مکمل معاونت کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف سے مخلصانہ گزارش کی کہ وہ اپنے منصب اور اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے زائرین کی یہ مشکلات دور کریں، جو بظاہر ایک انتظامی کامیابی ہوگی لیکن حقیقت میں ان کے لیے دنیا اور آخرت میں لاکھوں زائرین کی دعاؤں کا عظیم سرمایہ بنے گی۔

8:17 صبح ستمبر 3, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔