آیت اللہ سیستانی کی جانب سے ایران میں جنگ متاثرین کے لیے 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی امداد، میناب میں اسکول کا سنگ بنیاد

17 ستمبر, 2026 13:46

شیعیت نیوز : مرجع جہاں تشیع آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے دفتر کی جانب سے ایران میں حالیہ جنگ سے متاثرہ اور شہداء کے خاندانوں کی بحالی کے لیے 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی خطیر مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔

آیت اللہ سید علی سیستانی کے دفتر کے اہم رکن محمد جواد الاحمد نے امدادی کمیٹی کی جانب سے تہران اور میناب سمیت ایران کے مختلف شہروں کے دورے اور اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ جنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور دیگر متاثرہ خاندانوں میں اس خصوصی مالی امداد کی تقسیم کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یمنی فوج کا وحشیانہ جارحیت کا دندان شکن جواب، آرامکو اور خمیس مشیط پر میزائل و ڈرون حملے

سرکاری رپورٹ کے مطابق، اس امدادی مرحلے میں 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم جنگ کے دوران متاثر ہونے والے 3 ہزار 600 خاندانوں میں تقسیم کی گئی ہے۔ اس مالی معاونت کا بنیادی مقصد متاثرہ خاندانوں کی روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا اور انہیں پہنچنے والے جانی و مالی نقصانات کے ازالے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

مالی امداد کی شفاف تقسیم کے علاوہ، امدادی کمیٹی نے اپنے رفاہی اور تعمیراتی منصوبوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہے۔ اس ضمن میں میناب کے علاقے میں ’’شہدائے میناب اسکول‘‘ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق، اس اسکول کی تعمیر عتبہ حسینیہ (حرم امام حسین علیہ السلام) کی براہِ راست نگرانی اور خصوصی تعاون سے انجام دی جائے گی تاکہ علاقے کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔

2:39 شام ستمبر 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔