آیت اللہ شبیری زنجانی کا انتقال صفِ اول کے شیعہ محققین میں ایک خلا ہے، رہبر معظم آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای
سید مجتبیٰ خامنہ ای
شیعیت نیوز : جلیل القدر استاد اور فقیہ عالی مقام حضرت آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی (رہ) کے انتقال پر سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس بزرگوار عالم نے اپنی تمام باعزت زندگی حصول علم، تعلیم اور تحقیق کی راہ میں گزاری۔ وہ ہمیشہ اپنے ہم عصروں اور اساتذہ کی نظر میں ایک محقق اور گہری نظر رکھنے والی شخصیت سمجھے جاتے تھے، اور شرعی احکام کے استنباط سے متعلق علوم پر ان کی مہارت باریکیوں اور دقیق نکات کی رعایت کے ہمراہ ہوتی تھی۔
سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ اس بزرگوار کے دروس کی نشستیں دقتِ نظر اور عمیق علم کے لیے جانی جاتی تھیں۔ گزشتہ تین عشروں سے زیادہ کے عرصے میں بہت سے لوگوں نے ان کے گراں قدر وجود سے استفادہ کیا اور اپنی تدریس کے لیے زادِ راہ حاصل کیا۔ ان کی مسلمہ علمی حیثیت کے ساتھ ساتھ طلباء اور فضلاء کے ساتھ ان کا متواضعانہ اور پدرانہ برتاؤ بھی ایک نمایاں اور سبق آموز پہلو تھا۔
یہ بھی پڑھیں : میلاد النبیؐ اور عزاداری کو بدعت کہنے والوں کی سعودی رجیم کی بے حیائی پر خاموشی
اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے کہا کہ بلاشبہ اس ممتاز شخصیت کا فقدان عصرِ حاضر میں صفِ اول کے شیعہ محققین میں ایک ایسا خلا پیدا کر گیا ہے جس کے ازالے کے لیے طویل عرصہ درکار ہوگا۔ انہوں نے اس مصیبت پر امام زمانہ (عج)، حوزہ ہائے علمیہ، مرحوم کے شاگردوں اور بالخصوص ان کے محترم گھرانے کی خدمت میں تعزیت پیش کی اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اس عظیم ہستی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔







