آیت اللہ شبیری زنجانی کی رحلت المناک مصیبت اور عظیم خسارہ ہے، آیت اللہ سیستانی

21 ستمبر, 2026 16:20

شیعیت نیوز : آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی کی رحلت پر اپنے تعزیتی پیغام میں ان کے انتقال کو ایک المناک مصیبت اور عظیم خسارہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی گرانقدر علمی و تدریسی خدمات اور عملی سیرت کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ، حوزات علمیہ اور تمام مومنین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ سیستانی نے فرمایا کہ مرجع عالی قدر، فقیہ اہل بیت عصمت و طہارت (ع) آیت اللہ الحاج سید موسیٰ شبیری زنجانی (رض) نے اپنی تمام بابرکت عمر تحقیق اور تدریس میں بسر کی۔ وہ اکابر علمائے اعلام اور قم المقدسہ کے مبارک علمی حوزہ کے بڑے ارکان میں سے تھے، اور ایک عالمِ ربانی کی روشن مثال تھے۔

یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی کے انتقال پر حوزات علمیہ میں رواں ہفتے تعطیل کا اعلان

انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کے گراں قدر علمی آثار اور دیگر دینی خدمات ایک قیمتی ورثے کے طور پر باقی رہیں گی، اور ان کا طرزِ عمل اور عملی سیرت ہمیشہ اہلِ علم کے لیے ایک نفیس سرمائے اور بہترین نمونے کے طور پر قائم رہے گی۔ آیت اللہ سیستانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم و مغفور کے درجات بلند فرمائے اور انہیں ان کے آباؤ اجداد طاہرین کے ساتھ محشور فرمائے۔

اس عظیم مصیبت پر انتہائی رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے حضرت ولی عصر (ارواحنا فداہ) کی مقدس بارگاہ، حوزات علمیہ، مرحوم کے محترم اہل خانہ بالخصوص ان کے فرزندان اور تمام مومنین کی خدمت میں تعزیت پیش کی، اور اللہ تعالیٰ سے سب کے لیے صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل کی دعا کی۔

5:03 شام ستمبر 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔