یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جنگی طیاروں کی بمباری
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے کی حملے بند کئے جانے پر تاکید کے باوجود سعودی اتحادی کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سنیچر کی رات سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف صوبوں پر بمباری کی جس میں متعدد یمنی شہری شہید ہوگئے اور ان کے مکانوں اور بنیادی تنصیبات کو بھاری نقصان پہنچا-
رپورٹ کے مطابق گذشتہ شب صوبہ الحدیدہ ، صعدہ اور تعز پر جارح سعودی حملوں میں زیادہ تر رہائشی علاقوں، سرکاری عمارتوں اور نیول اکیڈمیوں کو نشانہ بنایا گیا- سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ حجہ کے المرزوق علاقے کی اصلی روڈ پر واقع ایک پل پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں وہ تباہ ہوگیا اور صوبہ کے صدر مقام سے عوام کا رابطہ منقطع ہوگیا-
ان حملوں کے جواب میں یمنی فوج اور رضاکار فورس نے سعودی علاقوں خاص طور سے جیزان کو نشانہ بنایا اور جارح فوجیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچانے کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں ان کے فوجی ساز و سامان تباہ کردیئے- سعودی عرب بعض عرب ملکوں کے ساتھ مل کر گذشتہ بیس مہینے سے یمن پر زمین ، فضا اور سمندر سے فوجی حملے کررہا ہے-








