داعش نے بھی پولیس سینٹرحملہ کی ذمہ داری قبول کرلی، حملہ آوروں کی تصاویر جاری
شیعیت نیوز: لشکر جھنگوی العالمی کے بعد داعش نے بھی کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر ہونیوالے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور تین حملہ آوروں کی تصاویر بھی جاری کردیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کالعدم تنظیم داعش نے کوئٹہ میں پولیس اکیڈمی پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی جس میں کم از کم 61 اہلکار شہید اور 120 زخمی ہوگئے تھے۔ داعش سے وابستہ نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا کہ ” حملہ داعش کے جنگجوؤں نے کیا“۔ یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ جنگجوؤں نے حملے میں مشین گنیں اور گرنیڈ استعمال کیے اور پھر ہجوم میں بارود سے بھری اپنی خودکش جیکٹس اڑا دیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اگست میں سول ہسپتال کوئٹہ میں ہونیوالے حملے کی ذمہ داری بھی داعش اور اس سے وابستہ گروہ جماعت الاحرار نے قبول کی تھی جس میں کم از کم 70 افراد شہید ہوگئے تھے۔








