شیخ محسن نجفی کا نام کس کے کہنے پر فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا، پتہ چل گیا!!
شیعیت نیوز: سابق وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام وزیراعلٰی حافظ حفیظ الرحمٰن کی خواہش پر فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے، وزیراعلٰی سے کہتا ہوں کہ وہ خدارا شیخ محسن علی نجفی جیسے شریف النفس اور غیرجانبدار شخصیت کے پیچھے نہ لگیں۔ اگر ان کی خواہش پر شیخ محسن کا نام فورتھ شیڈول میں شامل نہیں کیا گیا ہے تو وزیراعلٰی کل ہی وزارت داخلہ کو خط لکھ دیں اور ان سے کہیں کہ شیخ محسن نجفی کا کسی مشکوک سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں ہے، لہٰذا ان کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کیا جائے۔ اس طرح وزارت داخلہ کل ہی شیخ محسن کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کر دے گی۔ صوبے کی سفارش کے بغیر وفاق اپنی طرف سے کوئی اقدام نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر وفاق نے اپنی جانب سے شیخ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کیا ہے تو وزیراعلٰی وفاق سے احتجاج کریں اور ان کا نام نکلوائیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ محسن علی نجفی کا کسی سیاسی یا مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے، وہ کئی برسوں سے گلگت بلتستان میں تعلیمی پسماندگی دور کرنے اور لوگوں کو علاج ومعالجے کی سہولیات پہنچانے میں سرگرداں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ محسن نجفی کے معاملے پر حفیظ الرحمان ہرگز منافقت نہ کریں، حکومت کو دو نمبر این جی اوز تو نظر نہیں آتی ہیں لیکن عوامی فلاح کیلئے کام کرنے والے اداروں کے سربراہان کو محض بدنیتی کی بناء پر فورتھ شیڈول میں شامل کیا جارہا ہے۔








