علماء کو بلاجواز فورتھ شیڈول میں ڈالنے کے خلاف وفاق شیعہ المدرس نے تحریک چلانے کا اعلان

21 اکتوبر, 2016 00:00

شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے بزرگ عالم دین، مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی اور دیگر علماء کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے، ان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے اور اکاونٹس منجمد کرنے کیخلاف جمعتہ المبارک سے پرامن احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں علماء کا اجتماع منعقد ہوگا اور ظالمانہ اقدام کیخلاف عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔ یہ اعلان انہوں نے لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں مختلف مدارس سے مولانا توقیر عباس، مولانا ارشاد روحانی، مولانا سید حسین نجفی، مولانا حافظ کاظم رضا نقوی اور امامیہ آرگنائزیشن کے چیرمین لعل مہدی خان بھی موجود تھے۔ علامہ افضل حیدری نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ علامہ شیخ محسن نجفی کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کی وجوہات بتانے سے گریز کر رہی ہے جبکہ ہمیں محرم کے آغاز سے پہلے میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کیساتھ بیلنس پالیسی کے تحت بزرگ علمی شخصیت کا نام شامل کرنا توہین آمیز رویہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

علامہ محمد افضل حیدری  نے یاد دلایا کہ وطن عزیز پاکستان میں 30 سال سے جاری دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار اہل تشیع ہوئے ہیں، جس میں ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء، صحافی، علماء، عزادار، زائرین سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شہید کئے گئے۔ جن کا جرم صرف محب وطن پاکستانی ہونا تھا، ہم اس تمام عرصے میں کمالِ صبر کیساتھ جنازوں پر جنازے اٹھاتے رہے مگر افسوس کہ یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے دلخراش سانحہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہماری بہادر افواج نے دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم مستحسن اقدام تھا، مگر بدقسمتی اسے صرف دہشتگردوں کیخلاف استعمال کرنے کے ظالمانہ بیلنس پالیسی کے تحت دہشتگردوں کیساتھ کچھ پُرامن شہریوں اور علماء کو بھی شامل کر لیا گیا جن کا دہشتگردی سے دُور کا بھی تعلق نہیں بلکہ ان کی علمی اور سماجی خدمات سب کے سامنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مفسر قرآن، اتحاد بین المسلمین کے داعی، امن کے علمبردار، استادِ العلماء، غریبوں، یتیموں، طلباء اور بے سہارا لوگوں کے مددگار علامہ شیخ محسن علی نجفی کو بیلنس پالیسی کا شکار کیا گیا اور ان کے نام کو بھی فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے، جو قابل مذمت اور عدل و انصاف کے قتل کے مترادف اقدام ہے۔ شیخ محسن نجفی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے وفاق المدارس الشیعہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ابلاغ القرآن کے نام سے ترجمہ قرآن کریم، دس جلدوں پر مشتمل تفسیر الکوثر، اسوہ ایجوکیشن سسٹم کے تحت 12 انٹرمیڈیٹ کالج، 4 ٹیکنیکل کالجز، 2 پیرا میڈیکل کالجز، ایک IGSC کالج، 22 سیکنڈری سکولز، 28 مڈل سکولز، 8 پرائمری سکولز، 2 انٹرمیڈیٹ گرلز کالجز جن میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی تعداد 20781 اور اساتذہ کی تعداد 1310 اور دیگر سٹاف کی تعداد 785 ہے۔ اسی طرح شیخ محسن نجفی کی سماجی و فلاحی خدمات میں 321 مساجد کی تعمیر، 4784 یتیم اور نادار بچے اور بچیوں کی شادی کا انتظام، اتحاد امت کے عنوان سے ہر سال 10 سیمینارز کا انعقاد، 2005 میں زلزلے سے متاثرہ 51210 (اکیاون ہزار دو سو دس) خاندانوں کی ضروریات کی تکمیل، 2010 سیلاب سے متاثرہ 26862 (چھبیس ہزار آٹھ سو باسٹھ) خاندانوں کی ضروریات کی تکمیل، 2005 اور 2010 کے زلزلہ اور سیلاب سے متاثرین کے لیے 10091( دس ہزار اکیانوے) گھروں کی تعمیر، سالانہ 4035 (چار ہزار پینتیس) غریب، نادار، یتیم اور بیواوں کی کفالت، 3 ہسپتال، 8 ڈسپنسریز، میڈیکل کیمپس اور پسماندہ علاقوں میں واٹر پمپ 165 کی فراہمی جیسی خدمات پر صدر پاکستان اور وزیر اعظم کی جانب سے حسن کارکردگی ایوارڈ کے حامل ادارے حسینی فاونڈیشن کے سربراہ ہیں۔

علامہ افضل حیدری نے کہا کہ تعلیمی، سماجی و فلاحی خدمات انجام دینے والی شخصیت علامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے جیسے نامناسب اقدام کے محب وطن اور ذی شعور افراد بھر پور مذمت کرتے اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کا نام فوری طور پر فورتھ شیڈول سے نکالا جائے ورنہ مدارس کے طلبا اور علماء پُرامن احتجاج کریں گے۔ ابتدائی طور پر وفاق المدارس الشیعہ کی جانب سے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جمعہ کے دن سے پُرامن احتجاجی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس میں خطبات جمعہ میں قراردادیں منظور کی جائیں گی اور پُرامن احتجاج کیا جائے گا جبکہ اگلے مرحلے میں آل پاکستان علماء اجتماع اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رئیس وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل رضوان اختر، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور کمشنر اسلام آباد کو خطوط لکھے جا چکے ہیں، جن میں شیخ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کیخلاف کئے گئے غیر آئینی اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

3:17 شام جون 24, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔