ایرانی قونصلیٹ کراچی کے وفد کا امام بارگاہ نورِ ایمان کا دورہ، علماء و عوام کا ایران سے اظہارِ یکجہتی

18 اکتوبر, 2026 18:32

شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلیٹ جنرل کراچی کے نمائندہ اراکین پر مشتمل وفد نے ادارہ مدرسہ دارالحکمہ، جامع مسجد و امام بارگاہ نورِ ایمان ناظم آباد نمبر 3 کراچی میں ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کی، جہاں علماء، نمازیوں اور معززینِ علاقہ نے ایرانی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ہم نے ہمسایوں پر نہیں بلکہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر حملہ کر کے انہیں تباہ کیا، ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وفد نے متحدہ علماء محاذ پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور جامع مسجد و امام بارگاہ نورِ ایمان کے امام و خطیب حجت الاسلام زاہد حسین ہاشمی مشہدی کی اقتدا میں نماز ادا کی۔ اس موقع پر حجت الاسلام زاہد حسین ہاشمی مشہدی، متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری سمیت دیگر علماء اور انتظامیہ کے اراکین بھی موجود تھے۔

ایرانی وفد نے شرکاء کو ایران کی موجودہ صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے حوالے سے آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مصالحانہ اور سفارتی کردار کو سراہا۔ وفد نے موجودہ علاقائی حالات کے تناظر میں امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد، وحدت اور باہمی ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

شرکاء نے امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایرانی قیادت کے جرأت مندانہ اور مزاحمتی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ علماء و عوام نے فلسطین، ایران، لبنان اور یمن کے مظلوم عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کے اتحاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ اجتماع اور ایرانی وفد سے ملاقات کو باہمی روابط اور دینی و ملی یکجہتی کے فروغ کا اہم موقع قرار دیا گیا۔

8:03 شام اکتوبر 18, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔