نہج البلاغہ کی تعلیمات کو مجالس تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی میں نافذ کیا جائے، سکردو کانفرنس کے مقررین

19 اکتوبر, 2026 09:16

شیعیت نیوز : مرکز افکار اسلامی اور مرکزی انجمن امامیہ بلتستان کے زیر اہتمام 18 اکتوبر کو سکردو میں نہج البلاغہ کانفرنس منعقد ہوئی، جس سے حجت الاسلام لیاقت علی اعوان، حجت الاسلام مقبول حسین علوی اور حجت الاسلام والمسلمین پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین نے خطاب کیا۔ کانفرنس کا مقصد نہج البلاغہ کی علمی و فکری اہمیت کو اجاگر کرنا اور امیرالمؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام کے فرامین و تعلیمات کو معاشرے میں عام کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : سکردو میں سید مقاومت کی برسی پر مجلسِ تکریم شہداء، علماء کی امریکی وفد کے دورۂ گلگت بلتستان کی مذمت

حجت الاسلام لیاقت علی اعوان نے کہا کہ نہج البلاغہ امیرالمؤمنین علیہ السلام کی بصیرت، حکمت اور سیرت کا آئینہ دار ہے، جس میں انسان کی انفرادی و اجتماعی زندگی کے لیے جامع رہنمائی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے معاشرے میں اخلاقی انحطاط، ناانصافی اور سماجی مسائل کے تناظر میں اس کی تعلیمات سے رجوع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور علماء، اساتذہ اور دینی ادارے نئی نسل کو نہج البلاغہ سے روشناس کرانے میں مؤثر کردار ادا کریں۔

سرپرست مرکز افکار اسلامی حجت الاسلام مقبول حسین علوی نے کہا کہ امیرالمؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام کی تعلیمات انسان کو حق شناسی، تقویٰ، دیانت داری، عدل و انصاف اور خدمت خلق کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نہج البلاغہ کی تعلیمات کو محض مجالس اور علمی نشستوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں گھریلو زندگی، تعلیمی اداروں، سماجی تعلقات اور اجتماعی معاملات میں بھی نافذ کیا جانا چاہیے۔

حجت الاسلام والمسلمین پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو فکری انتشار اور مختلف نظریاتی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے حالات میں نہج البلاغہ کی تعلیمات ان کی فکری و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے دینی و تعلیمی اداروں میں نہج البلاغہ کی تدریس، تشریح اور تحقیق کو فروغ دینے پر زور دیا۔

کانفرنس کے مقررین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ امیرالمؤمنین علیہ السلام کی علمی و اخلاقی میراث کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے علمی نشستوں، تحقیقی پروگراموں اور تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے، تاکہ معاشرے میں عدل و انصاف اور اخلاقی اقدار کا شعور فروغ پا سکے۔

10:18 صبح اکتوبر 19, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔