حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن جدوجہد ہماری بنیادی پالیسی ہے، گروہ بندی سے اجتناب کریں، علامہ سید ساجد علی نقوی

18 اکتوبر, 2026 18:31

شیعیت نیوز : قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ تنظیمی فعالیت، وحدت و اخوت اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل جدوجہد بنیادی اہمیت کی حامل ہے، تنظیم جتنی فعال اور متحرک ہوگی، اپنے مقررہ اہداف کے حصول میں اسے اتنی ہی آسانی ہوگی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نوابشاہ میں منعقدہ شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کی صوبائی کونسل کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ بھی پڑھیں : بدنام زمانہ معاشی نظام نے دنیا کے وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی

اجلاس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، صوبائی صدر سندھ علامہ سید اسد اقبال زیدی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد علی جروار، صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی عظمت بلوچ اور صوبائی نائب صدور سمیت صوبے بھر سے تنظیمی عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔ قائد ملت جعفریہ نے اجلاس میں بھرپور شرکت اور تنظیم سے وابستگی پر شرکاء کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اجتماع کے مثبت اثرات معاشرے تک پہنچیں گے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ہماری تنظیم کا بنیادی ہدف ملک میں رہنے والے افراد کے حقوق کا تحفظ اور بیرون ملک مقیم افراد کے حقوق کے لیے بھی آواز بلند کرنا ہے۔ مذہبی، سیاسی، معاشی، سماجی، اخلاقی اور انتظامی امور سمیت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں حقوق کے حصول کے لیے آواز اٹھانا اور پرامن راستے اختیار کرنا ہماری بنیادی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ توانا آواز بلند ہوتی رہی ہے اور یہاں جدوجہد کا تسلسل برقرار رہا ہے، اب اس فعالیت کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

قائد ملت جعفریہ نے سورۂ حج کی آیت مبارکہ «لَن يَنَالَ اللَّهَ لُحُومُهَا وَلَا دِمَاؤُهَا وَلَٰكِن يَنَالُهُ التَّقْوَىٰ مِنكُمْ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ تک قربانی کا گوشت اور خون نہیں بلکہ بندوں کا تقویٰ پہنچتا ہے، اس لیے زندگی کے تمام معاملات کی طرح تنظیمی امور بھی اخلاصِ نیت اور رضائے الٰہی کے جذبے کے تحت انجام دیے جائیں تو کامیابی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔

انہوں نے تنظیمی اراکین پر زور دیا کہ گروہ بندی سے اجتناب کریں، اپنی نیتوں کو صاف و شفاف رکھیں، صفوں میں وحدت، اخوت اور باہمی احترام کو برقرار رکھیں، باہمی رابطے مضبوط بنائیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کی پشت پناہی کریں، کیونکہ انہی اقدامات سے تنظیم مضبوط اور حقوق کے حصول کی جدوجہد مزید توانا ہوگی۔

8:03 شام اکتوبر 18, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔