عراق

موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے عراقی افواج کی کارروائیاں تیسرے روز بھی جاری

عراق کے شمالی شہر موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے عراقی افواج کی کارروائیاں بدھ کو تیسرے روز بھی پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں –

عراقی افواج کی مشترکہ کارروائیوں کے ترجمان نے کہا ہے کہ موصل کی آزادی کی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک موصل کے آس پاس کے بہت سے علاقوں کو آزاد کرایا جاچکا ہے – عراقی افواج کی مشترکہ کارروائیوں کے ترجمان یحیی رسول نے بدھ کو اعلان کیا کہ صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل کو آزاد کرانے کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری ہیں – ان کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کے لئے جو حکمت عملی اور پلاننگ کی گئی تھی اس پر پوری طرح سے عمل ہورہا ہے – عراق کے مذکورہ فوجی ذریعے نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران کرد پیشمرگہ ملیشیا نے بھی موصل کے اطراف کے نو دیہاتوں کو آزاد کرالیا ہے اور داعش کو زبردست جانی اورمالی نقصان پہنچایا ہے- عراقی افواج نے موصل کے قریب الفارسیہ علاقے کو بھی داعش کے قبضے سے واپس لے لیا ہے – اس درمیان عراق کی عوامی رضاکارفورس کے ترجمان احمد الاسدی نے کہا ہے کہ القیارہ کے مشرق میں دس دیہاتوں اور جنوب میں سات دیاتوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا گیاہے – یہ بھی اطلاعات ہیں کہ موصل شہر کے نو سو باشندے جو داعش کے قبضے میں تھے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں – دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ داعش کے دہشت گردوں نے موصل میں پاسپورٹ آفس ، رجسٹریشن آفس اور گورنرہاؤس کی ایک عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا ہے – دریں اثنا موصل کی کارروائیوں میں شریک عراقی فوج کے خصوصی دستے کے کمانڈر جنرل طالب شغاتی نے اربیل شہر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سیکورٹی ذرائع کی اطلاعات کے مطابق اس وقت موصل شہر کے اندر پانچ سے چھے ہزار دہشت گرد موجود ہیں – عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ پچھلے تین روز کے دوران موصل اور آس پاس کے تین سوباون مربع کلومیٹر کا علاقہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے جبکہ موصل بغداد شاہراہ بھی ادعش کے قبضے سے آزاد ہوگئی ہے – خود موصل شہر کے اندر سے اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ شہر کے نوجوان بھی داعش کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور باب البیض کے علاقے میں داعش کی ایک گشتی گاڑی پر حملہ کرکے کم سے کم تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے- عراق کے فوجی ذرائع نے یہ بھی خبردی ہے کہ صوبہ نینوا میں داعش کے خود ساختہ "والی ” وعد یونس کو بھی ایک ہوائی حملے میں ہلاک کردیا گیا ہے- اس حملے میں اس کے تیئیس ساتھی بھی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ حمدانیہ کے علاقے میں بھی کم سے کم پچیس دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ہے حمدانیہ کا علاقہ بھی داعش کے قبضے سے آزاد ہوگیا ہے موصل کے قریب قراقوش شہر کے بھی بیشتر علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایاکردیا گیاہے

متعلقہ مضامین

Back to top button