ایران

صوبہ فارس میں غیر ملکی تکفیری دہشت گرد گرفتار

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلی جنس سید محمود علوی نے بتایا ہے کہ صوبہ فارس میں غیر ملکی تکفیری دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے ایک سو کلوگرام سے زیادہ دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

سید محمود علوی نے تہران میں شام غریباں کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت اطلاعات کے اہلکاروں نے سیکورٹی ایجنسیوں اور صوبہ فارس کے عوام کے تعاون سے تکفیری دہشت گرد گروہوں کے امن مخالف منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔

سید محمود علوی نے مزید کہا کہ اس آپریشن میں چند دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جو کہ سب کے سب غیر ملکی ہیں۔ دہشت گردوں سے ایک سو کلوگرام سے زیادہ دھماکہ خیز مواد اور متعلقہ ساز و سامان بھی برآمد ہوا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلی جنس کا کہنا تھا کہ قرآئن سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سازش ایران میں مذہبی اختلافات پھیلانے کے مقصد سے سرحد پار تیار کی گئی تھی جو کہ عوام کی ہوشیاری کی بدولت ناکام ہوگئی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button