عراقی دارالحکومت میں خودکش دھماکے، درجنوں افراد شہید و زخمی
عراق کے صوبے بغداد کے مختلف علاقوں میں ہونے والے چار خود کش بم دھماکوں میں کم سے کم 19 افراد شہید اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
عراقی ذرائع کے مطابق دو دھماکے صوبہ بغداد کے مشرقی علاقے نیو بغداد میں سامرائی مسجد کے قریب ہوئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ پہلے ایک خودکش حملہ آور نے عام لوگوں کے ایک مجمعے میں خود کو دھماکے اڑا لیا جس کے تھوڑی دیر بعد ایک اور خودکش حملہ آور نے اسی مقام پر دھماکہ کیا۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق دونوں دھماکوں میں کم سے کم نو افراد شہید اور تیس دیگر زخمی ہوئے۔ جنوبی بغداد کے علاقے رضوانیہ میں بھی ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک شخص کے شہید اور پانچ دیگر کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ مذکورہ دھماکوں کے کچھ دیر بعد ایک اور خودکش حملہ آور نے جنوب مغربی بغداد کے علاقے بیاع میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس میں کم از کم پانچ افراد شہید اور سولہ زخمی ہو گئے۔ تاحال کسی گروہ نے دہشت گردی کے ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم عراقی حکام نے دہشت گرد گروہ داعش کو ان حملوں کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔








