پاک ایران طبی تعاون کا فروغ: پاکستانی سفیر کا تہران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کا اہم دورہ

01 اکتوبر, 2026 20:34

شیعیت نیوز : ایران میں تعینات پاکستانی سفیر عمران احمد صدیقی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (TUMS) کا تفصیلی دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر سید رضا رئیس کرمی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان طبی تعلیم، ہیلتھ کیئر اور ریسرچ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

تفصیلات کے مطابق، پاکستانی وفد میں ایجوکیشن و کلچرل کونسلر میڈم فرحت جبین، نیول و فضائیہ کے اتاشی زوہیب نجم بیگ اور گیسٹ ایجوکیشنل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر سید حسن رضا نقوی شامل تھے جبکہ ایرانی جانب سے وائس چانسلر برائے انٹرنیشنل افیئرز ڈاکٹر جعفریان بھی شریکِ گفتگو تھے۔ ملاقات میں میڈیکل ایجوکیشن، علاج معالجے اور پاکستانی میڈیکل
کالجز کے ساتھ مشترکہ ریسرچ پراجیکٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : حرمین کے دفاع کے لیے سنی بھائیوں کے ساتھ خون بہائیں گے، علامہ ناظر تقوی

یونیورسٹی چانسلر نے وفد کو آگاہ کیا کہ اس وقت TUMS میں 200 سے زائد پاکستانی طلباء زیرِ تعلیم ہیں۔ انہوں نے پاکستانی طلباء کی ذہانت اور سنجیدگی کو سراہتے ہوئے ان کی تعداد میں اضافے کا عزم ظاہر کیا۔ چانسلر نے تہران میں موجود 18 اسپتالوں، 120 طبی مراکز، 10 بڑی لیبارٹریز اور کینسر، امراض قلب اور ویکسین سازی کے ریسرچ انسٹیٹیوٹس پر بریفنگ دی، بالخصوص بچوں کے دماغی کینسر کے نایاب علاج کا ذکر کیا جو دنیا کے چند ہی ممالک میں دستیاب ہے۔ پاکستانی سفیر نے مشترکہ منصوبوں کی پیشکش کرتے ہوئے یونیورسٹی چانسلر اور ان کی ٹیم کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی۔

میٹنگ کے بعد سفیر اور وفد کو مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے اسپتال ‘امام خمینی ہاسپٹل’ کا دورہ کروایا گیا۔ معروف ایرانی نیورو سرجن ڈاکٹر امیر حسین جوادی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس عظیم الشان اسپتال میں بیک وقت 2500 بستروں کی گنجائش ہے، جہاں 400 اسپیشلسٹ سرجنز، 6000 سے زائد میڈیکل عملہ اور 60 سے زائد آپریشن تھیٹرز موجود ہیں۔ پاکستانی وفد نے اسپتال کے آئی سی یو، ریسرچ لیبارٹریز اور کینسر سینٹر کا بھی معائنہ کیا۔

9:22 شام اکتوبر 1, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔