مقبوضہ فلسطین

حماس کے دو جدید میزائلوں کی رونمائی

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے اپنے دو جدید میزائلوں کی رونمائی کی ہے۔

فلسطینی عوام کی مزاحمتی کمیٹیوں کی فوجی شاخ ناصر صلاح الدین کے ترجمان ابوعطایا نے بتایا ہے کہ حماس نے اپنے دو جدید مزائلوں کی رونمائی کی ہے جو دشمن کے ٹھکانوں کو بری طرح تباہ کرنے کی توانائی رکھتے ہیں- ناصرصلاح الدین بریگیڈ کے ترجمان ابوعطایا نے حماس کے دونوں میزائلوں کے بارے میں، جن کے نام ابوعطایا اور خالد ہیں، یہ نہیں بتایا کہ وہ کتنے فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ یہ میزائل صیہونی دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں اعلی ترین دفاعی قوت کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے سبھی اداروں اور حساس و اسٹریٹیجک تنصیبات کو نشانہ بناسکتے ہیں- فلسطین کی عوامی مزاحتمی کمیٹیوں کی فوجی شاخ کے ترجمان ابوعطایا نے صیہونی دشمن کے مقابلے میں استقامت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ استقامتی تحریک، مسئلہ فلسطین کو نابود کرنے کی دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں ایک مضبوط قلعہ ثابت ہو گی- واضح رہے کہ اسرائیلی فوج پہلے ہی اعتراف کر چکی ہے کہ حماس کی فوجی اور دفاعی طاقت میں کافی اضافہ ہوا ہے- اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ حماس نے غزہ کا محاصرہ رہنے کے سبب میزائلی پروگرام کو آگے بڑھانے اور میزائل تیار کرنے کے تعلق سے ضروری ساز و سامان تک دسترسی حاصل نہ کرسکنے کے باوجود اپنے میزائل پروگرام کو کافی آگے بڑھا لیا ہے- قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت نے جولائی اور اگست دو ہزار چودہ کی پچاس روزہ جنگ میں فلسطینی مجاہدین سے شکست کھانے کے بعد پسپائی اختیار کی تھی-

متعلقہ مضامین

Back to top button