صوبہ الانبار میں جزیرہ حدیثہ داعش کے قبضے سے آزاد
عراقی فوج نے دیگر فورسز کے ساتھ مل کر صوبہ الانبار کے جزیرہ حدیثہ کو جو حدیثہ شہر سے ایک سو ساٹھ کلو میٹر دور واقع ہے داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے – جزیرہ حدیثہ کصیریات ، خالدیہ اور العمیریہ دیہاتوں پر مشتمل ہے – عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج نے بدھ کو جزیرہ حدیثہ کی آزادی کے بعد جزیرہ بغدادی کو آزاد کرانے کی کارروائی شروع کردی ہے – جنگ سے متعلق خبر دینے والے ذرائع ابلاغ الاعلام الحربی نے بھی خبردی ہے کہ عراقی فوج نے اس علاقے میں دو سو اکیاسی بموں کو جو زمین میں نصب کئے گئے تھے ناکارہ بناتے ہوئے دہشت گردوں کی متعدد گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا ہے – خبروں میں بتایا گیا ہے کہ عراقی فوج نے دہشت گردوں کے گیارہ راکٹ لانچروں کو بھی تباہ کردیا جبکہ کصیریات نامی گاؤں میں کم سے کم پندرہ دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے – قبل ازیں عراقی فضائیہ نے کرکوک کے جنوب مغربی علاقے رشاد میں داعش کے ایک قافلے پر حملہ کرکے دہشت گردوں کی نوگاڑیاں تباہ کردیں جن میں بہت سے دہشت گرد ہلاک ہوگئے – اس درمیان بعض خبروں میں کہا جا رہا ہے کہ داعش کا سرغنہ ابوبکر البغدادی اس وقت عراق کے شہر موصل میں موجود ہے – خبروں میں کہا گیا ہے کہ عراقی فوج کی پیشقدمی کے مد نظر ابوبکر البغدادی نے داعش کے عناصر کی ایک نمائشی پریڈ میں شرکت کی ہے – موصل سے ہی یہ بھی خبر ہے کہ شہر کے نوجوانوں نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات شہر میں داعش کے نام نہاد کتابخانے پر حملہ کرکے وہاں موجود لٹریچروں اور سی ڈیز کو آگ لگا دی –