اسلامی جمہوریہ ایران علاقے کی استقامتی تحریکوں کو طاقتور ترین ہتھیارفراہم کر رہا ہے جنرل حسین دہقان
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع ” جنرل حسین دہقان” نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران طاقتور ترین ہتھیار استقامتی تحریکوں کے اختیار میں دے رہا ہے۔” جنرل حسین دہقان” نے جمعے کے روز تہران میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف قسم کے ہتھیاروں، اسلحے اور ضروری وسائل کا جو مجموعہ اسلامی جمہوریہ ایران استقامتی تحریکوں کو فراہم کر رہا ہے وہ اس کے مقابلے زیادہ موثر ہے جو تسلط پسند سامراجی طاقتوں کی طرف سے نام نہاد جنگجوؤں کو فراہم کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے صیہونی حکومت کو تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے پورے علاقے کو بدامنی اور بحران سے دوچار کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کو پروان چڑھانےاوراسلام کے نورانی چہرے کو بگاڑ کر پیش کرنے کے مقصد سے ہی اس علاقے میں آشوب برپا کیا گیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے مزید کہا کہ امریکا اور اس کے عرب اور مغربی حامیوں کی کوشش تھی کہ مسلمان ملکوں کو اسلامی جمہوریہ ایران کے مد مقابل لے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ علاقے کی اقوام خصوصا سعودی عرب کے عوام کی دولت و ثروت کو ہتھیاروں اور گولہ بارود کی خریداری کی مد میں ہڑپ کرلیں، تاہم انہیں اپنے اس مقصد میں بری طرح سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔








