خلیج فارس کے جزائر کے دفاع کے لیے سپاہ پاسداران کے جوان مکمل تیار ہیں، جنرل محمدرضا نقدی
جنرل محمدرضا نقدی
شیعیت نیوز : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف کے مشیر اعلیٰ بریگیڈیئر جنرل محمدرضا نقدی نے واضح کیا ہے کہ سپاہ پاسداران کے جوان اپنے جوش و جذبے، غیر متزلزل ایمان اور عسکری اقتدار کے ساتھ خلیج فارس کے جزائر کے دفاع کے لیے ہمہ وقت اور مکمل طور پر تیار ہیں۔
مہر نیوز کی رپورٹ کے مطابق، جنرل محمدرضا نقدی نے خلیج فارس کے جزائر کا خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے سپاہ پاسداران کی ‘مدینہ منورہ’ یونٹ کے جوانوں سے ملاقات کی۔ اس اہم دورے کے دوران انہوں نے علاقے میں تعینات فوجی اہلکاروں کی جنگی اور دفاعی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان کے بلند حوصلوں کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں : علمائے کرام اور طلاب ‘جہادِ تبیین’ کے ذریعے قوم کی فکری رہنمائی کریں، علامہ مقصود ڈومکی
سپاہ کے مشیر اعلیٰ نے علاقے میں دفاعی پوزیشنوں کے قیام اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ منورہ یونٹ کے جوان بہترین جنگی صف بندی اور مضبوط دفاعی مورچوں میں مستعد ہیں۔ ان کے پاس اپنے فرائض کی احسن انجام دہی کے لیے جدید ترین ہتھیار اور درکار فوجی سازوسامان مکمل طور پر موجود ہے۔
جنرل نقدی نے ملک کے دفاع میں جوانوں کے ایمان اور روحانی جذبے کو کلیدی قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ ان تمام مادی سہولیات سے بڑھ کر جوانوں کا ایمان ان کی دفاعی توانائی کا اصل اور بنیادی سہارا ہے۔ یہ جوان اسی ایمان اور اعلیٰ جنگی تیاری پر بھروسہ کرتے ہوئے اس علاقے کا بھرپور دفاع کریں گے اور اسے دشمن کی ناکامی اور عبرت کا میدان بنا دیں گے۔







